لاہور: پنجاب فوڈ اتھارٹی نے دودھ کی موقع پرجانچ کے لیے جدید مشینری کا استعمال شروع کردیا جس سے منٹوں میں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔
لاہور: پنجاب فوڈ اتھارٹی نے دودھ کی موقع پرجانچ کے لیے جدید مشینری کا استعمال شروع کردیا جس سے منٹوں میں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل نے ہیڈ آفس میں مشینوں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اٹلی سے خریدی گئی جدید ملک اینالائسز مشینوں نے باقاعدہ طور پر کام شروع کر دیا ہے، جدید مشینوں سے کھلے دودھ میں ملاوٹ کا ٹیسٹ ایک منٹ میں مکمل کرلیا جائے گا اور ان مشینوں سے دودھ والی بڑی گاڑیوں، گوالے کے دودھ میں پاؤڈر اور دیگر اجزاء کی ملاوٹ فوری چیک کی جاسکے گی۔
تین مشینیں پنجاب فوڈ اتھارٹی سینٹرل، نارتھ اور ساؤتھ آفس میں موبائل لیبارٹریز میں لگائی جائیں گی، تینوں مشینوں کی لاگت تقریا 60لاکھ روپے ہے۔ قبل ازیں کھلے دودھ میں ملاوٹ کی چیکنگ کے لیے نمونے لیبارٹری بھجوائے جاتے تھے اوراس میں کئی ہفتے کا وقت درکار ہوتا تھا۔ موقع پر مکمل ٹیسٹ رپورٹ نہ ہونے کی وجہ سے کھلے دودھ میں ملاوٹ کا مکمل ادراک نہیں ہو پاتا تھا۔
جدید مشینوں سے ڈبے کے دودھ کی بھی چیکنگ کی جاسکے گی جب کہ ان میں کیچپ، پانی، خوردنی تیل اور انڈے چیک کرنے کی صلاحیت بھی موجود ہے۔ جدید مشینیں موبائل لیبارٹریز ہیں جو ملاوٹ کی موقع پر نشاندہی کریں گی، مشینوں کے آنے سے اب ملاوٹ مافیا کا گرفتاری سے بچنا ناممکن ہو گیا ہے۔