روسی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ’’روسٹیک اسٹیٹ سپورٹ سسٹم‘‘ نامی ادارے کے چیف ڈیزائنر اولیگ فوسٹو کا کہنا ہے کہ سوٹ میں موجود پانچ اقسام کے نظاموں کو آپس میں مربوط کیا گیا ہے جو مختلف امور کی انجام دہی کےلیے 59 آلات پر مشتمل ہیں۔ ان کی بدولت اس لباس کو پہننے والا شخص نہ صرف اپنا تحفظ بہتر بناسکے گا بلکہ وہ جدید مواصلاتی رابطوں اور ارد گرد کے ماحول پر بہتر انداز میں نظر رکھنے کے قابل بھی ہوجائے گا۔
ماسکو: روسی ماہرین نے حیرت انگیز خصوصیات کا حامل، ایسا بم پروف لباس تیار کرلیا ہے جو نہ صرف گولیوں کا بہ آسانی مقابلہ کرسکتا ہے بلکہ اپنے پہننے والے کو بم کے شدید دھماکے سے بھی محفوظ رکھ سکتا ہے۔
روسی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ’’روسٹیک اسٹیٹ سپورٹ سسٹم‘‘ نامی ادارے کے چیف ڈیزائنر اولیگ فوسٹو کا کہنا ہے کہ سوٹ میں موجود پانچ اقسام کے نظاموں کو آپس میں مربوط کیا گیا ہے جو مختلف امور کی انجام دہی کےلیے 59 آلات پر مشتمل ہیں۔ ان کی بدولت اس لباس کو پہننے والا شخص نہ صرف اپنا تحفظ بہتر بناسکے گا بلکہ وہ جدید مواصلاتی رابطوں اور ارد گرد کے ماحول پر بہتر انداز میں نظر رکھنے کے قابل بھی ہوجائے گا۔
’’ریٹنک کومبیٹ کِٹ‘‘ کے نام سے تیار کیا جانے والا یہ حیرت انگیز لباس مستقبل کے فوجی دستوں کا خصوصی لباس بھی قرار دیا جارہا ہے جبکہ اس کے تازہ ڈیزائن میں ایک جدید ترین اور انتہائی سخت جان گھڑی کا اضافہ بھی کیا گیا ہے جس کے بارے میں روسٹیک اسٹیٹ سپورٹ سسٹم کا دعوی ہے کہ یہ ایٹمی دھماکے میں بھی محفوظ رہے گی۔ تاہم ایسی کوئی بات باقی لباس کےلیے نہیں کہی گئی ہے۔ ریٹنک کومبیٹ کٹ ہرطرح کے موسم میں کارآمد اور دن میں 24 گھنٹے استعمال کیے جانے کے قابل بھی ہے۔
اس لباس کی افادیت ثابت کرنے کےلیے روسی خبر رساں اداروں کی جانب سے ایک مختصر ویڈیو بھی ایک بار پھر جاری کی گئی ہے جس میں یہ لباس پہنے ہوئے ایک شخص کو بم دھماکے سے بحفاظت نکلتے ہوئے دکھایا گیا ہے
واضح رہے کہ ریٹنک کومبیٹ کِٹ کا پہلا ڈیزائن 2015 میں سامنے آیا تھا جسے دفاعی حلقوں میں خوشی کے علاوہ بے یقینی کی کیفیت کے ساتھ بھی دیکھا گیا تھا۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ریٹنک کومبیٹ کٹ کا اگلا ڈیزائن (ریٹنک 3) موجودہ ڈیزائن کے مقابلے میں 30 فیصد تک ہلکا ہوگا جسے 2020 تک روسی فوج کے حوالے کردیا جائے گا۔
روسی فوج کے علاوہ ریٹنک کومبیٹ کِٹ ممکنہ طور پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کے استعمال میں بھی آسکے گی جس کے عملے کو بم ناکارہ بناتے وقت جان سے ہاتھ دھونے کا شدید خطرہ ہوتا ہے۔