Long-Lasting Energy-Consuming Foods
ماہرین کے مطابق کئی غذائیں دن بھر توانائی بحال رکھتی ہیں |
غذائی ماہرین کا تحقیق اور تجربے کی بنا پر کہنا ہے کہ اگر آپ کم خرچ اور آسانی سے دستیاب ایسی غذائیں چاہتے ہیں جو بہت دیر تک توانائی فراہم کرتی رہیں تو درج ذیل فہرست کو غور سے پڑھئے۔
ان غذاؤں کو ان کی اہمیت اور قوت کی بنا پر اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے جو سخت محنت کرنے والوں کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں ہیں۔ ان میں تربوز سرِ فہرست ہے۔
تربوز
تربوز کو قدرتی انرجی ڈرنک کہا جاسکتا ہے اور بعض ماہرین اسے قدرتی ڈرپ قرار دیتے ہیں کیونکہ یہ 93 فیصد پانی پر مشتمل ہوتا ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر آپ پانی سے بھرپور پھل کھاتے ہیں تو دن بھر کی 20 فیصد مائع ضروریات پوری ہو جاتی ہیں۔ ہم جانتے ہیں کہ پانی کی کمی توانائی میں کمی اور تھکن کی بڑی وجہ ہے۔
اگر آپ ایک بڑا کپ تربوز کے ٹکڑے کھاتے ہیں تو یہ 8 اونس پانی کے برابر ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ وٹامن اے، بی سِکس، سی اور دیگر اجزا انسانی توانائی کو برقرار رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔
بادام
اگر آپ روزانہ ایک چوتھائی کپ بادام کھاتے ہیں تو اس سے دن بھر پوٹاشیئم کی 30 فیصد ضروریات پوری ہوجاتی ہیں۔ جسم میں پوٹاشیئم کم ہو جائے تو نقاہت اور سستی غالب آ جاتی ہے۔ ہمارا جسم پوٹاشیئم کو استعمال کرتے ہوئے اے ٹی پی مالیکیول بناتا ہے جو خلیات کے مابین توانائی پہنچاتے ہیں۔ بادام میں وٹامن بی کی کئی اقسام مثلاً فولیٹ اور ربوفلیون کی بھرپور مقدار موجود ہوتی ہے جوکیلوریز کو توانائی میں تبدیل کرتے ہیں۔
کشمش
کھلاڑیوں کی غذائیت کی ماہر تارہ گائیڈس کہتی ہیں کہ کشمش دوڑنے والے ایتھلیٹ کے لیے بہت اہم ہوتی ہیں اور وہ انہیں رغبت سے کھاتے ہیں۔ کشمش میں موجود کاربوہائیڈریٹس اور الیکٹرولائٹس کھلاڑیوں کا اسٹیمنا قائم رکھتی ہیں۔ ایک سروے میں جب کھلاڑیوں کو کشمش کھلائی گئی تو بقیہ کے مقابلے میں وہ ایک منٹ قبل اپنی منزل پر پہنچے۔
صبح کے وقت دہی، دلیے یا کسی اور شے کے ساتھ کشمش کھانا بہت مفید ہے اور یہ دن کے طویل حصے تک آپ کو توانائی فراہم کرتے رہتے ہیں۔
پھلیاں
سویا بین اور دیگر اقسام کی پھلیاں فولیٹ اور وٹامن بھی سے بھرپور ہوتی ہیں جو غذا کو بڑی تیزی سے توانائی میں بدلتی ہیں۔ پھلیاں دن بھر کی وٹامن ضروریات پوری کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ اس میں میگنیشیئم اور ربوفلیون اضافی طاقت فراہم کرتی ہیں۔
سارڈین یا ترلی مچھلیاں
سارڈائین کو ترلی مچھلی بھی کہا جاتا ہے اور یہ چھوٹی سی مچھلی فولاد کا خزانہ ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ پورے جسم میں فولاد کے ذریعے ہی آکسیجن پہنچتی ہے اور ہمارے پٹھے اور عضلات کام کرتے رہتے ہیں۔
اسٹرابری
نارنگیوں سے بھی زیادہ وٹامن سی اسٹرابری میں ہوتا ہے۔ وٹامن سی جسم میں توانائی کو برقرار رکھتی ہے اور جسم میں فولاد کی کمی دور کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
اسٹرابری میں اینٹی آکسیڈنٹس اضافی بونس ہیں اور جسم کو کئی امراض سے بچاتے ہیں۔