ایمسٹرڈیم: اگر آپ کے سر میں وقتاً فوقتاً درمیانی یا زیادہ شدت کا درد اٹھتا رہتا ہے اور اس کی وجہ کوئی بیماری یا نزلہ زکام وغیرہ بھی نہیں ہوتا تو ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ مسئلہ آپ روزانہ معمول سے زیادہ پانی پی کر بہ آسانی حل کر سکتے ہیں۔
روزمرہ کے مقابلے میں پانی کی تھوڑی سی زیادہ مقدار حیرت انگیزطور پر فائدہ پہنچاسکتی ہے، ماہرین |
ایمسٹرڈیم: اگر آپ کے سر میں وقتاً فوقتاً درمیانی یا زیادہ شدت کا درد اٹھتا رہتا ہے اور اس کی وجہ کوئی بیماری یا نزلہ زکام وغیرہ بھی نہیں ہوتا تو ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ مسئلہ آپ روزانہ معمول سے زیادہ پانی پی کر بہ آسانی حل کر سکتے ہیں۔
کچھ عرصہ قبل ہالینڈ میں کئے گئے ایک مطالعے میں ایسے رضاکار منتخب کیے گئے جنہیں مہینے میں دو سے پانچ بار یا اس سے بھی زائد مرتبہ سر میں درد کی شکایت ہو جاتی تھی جبکہ ایسی حالت میں درد کی شدت درمیانی سے لے کر شدید ہوتی تھی۔ ان میں سے کئی افراد مگرین یعنی آدھے سر کے درد میں بھی مبتلا تھے۔
ان رضاکاروں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا جن میں سے ایک گروپ نے دیگر صحت مندانہ سرگرمیوں کے ساتھ روزانہ
معمول کے مطابق پانی پیا جبکہ دوسرے گروپ نے اس کے مقابلے میں 1.5 لٹر زیادہ پانی روزانہ استعمال کیا۔
تین ماہ بعد معلوم ہوا کہ جن افراد نے معمول سے زیادہ پانی پیا تھا ان میں سر کے درد کی شدت 47 فیصد کم ہو گئی تھی یعنی تقریباً آدھی رہ گئی تھی اور حیرت انگیز طور پر یہ فائدہ مگرین کے مریضوں کو بھی ہوا تھا۔ روزانہ معمول کے مطابق پانی پینے اور صحت مندانہ سرگرمیاں جاری رکھنے والے افراد میں صرف 25 فیصد افاقہ دیکھنے میں آیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ معمول سے زیادہ پانی کا استعمال اگرچہ سر میں درد کو مکمل طور پر تو ختم نہیں کرتا لیکن اس میں نمایاں طور پر کمی ضرور کردیتا ہے۔
واضح رہے کہ ایک بالغ انسان کو روزانہ اوسطاً 2 لٹر پانی پینا چاہیئے یعنی اگر کسی کو سر میں درد کی شکایت ہو تو اس کے لیے یہ مقدار 3.5 لٹر روزانہ بنتی ہے۔
زیادہ پانی پینے سے سر میں درد کیوں کم ہوتا ہے؟ اس کی ایک ممکنہ وجہ یہ ہے کہ خون میں پانی کی اضافی مقدار شامل ہونے سے وہ پتلا ہو جاتا ہے اور اس کے بہاؤ میں سہولت پیدا ہوتی ہے۔ نتیجتاً دماغ میں خون کی گردش بھی بہتر ہوتی ہے جس سے سر میں درد کی کیفیت خاصی کم ہو جاتی ہے۔