ٹوکیو: جاپان میں دل کی شکل کے پھل ڈھالنے یا چوکور تربوز اگانے کے دلچسپ تجربات کیے گئے ہیں اور اب تازہ خبر یہ ہے کہ وہاں سفید اسٹرابیریاں بہت مشہور ہورہی ہیں لیکن سونے کے بھاؤ ہی فروخت ہورہی ہیں
ایک اسٹرابری کی قیمت 1000 روپے تک ہے۔ |
ٹوکیو: جاپان میں دل کی شکل کے پھل ڈھالنے یا چوکور تربوز اگانے کے دلچسپ تجربات کیے گئے ہیں اور اب تازہ خبر یہ ہے کہ وہاں سفید اسٹرابیریاں بہت مشہور ہورہی ہیں لیکن سونے کے بھاؤ ہی فروخت ہورہی ہیں۔
جاپان میں بہت سے ادارے سفید اسٹرابیریاں کاشت کررہے ہیں لیکن شیرو ہوسیکی کی اسٹرابیریاں جاپان میں زیادہ مشہور ہیں اور سب سے مہنگے داموں فروخت ہورہی ہیں۔ ایک اسٹرابیری کی قیمت 10 ڈالر یا پاکستانی 1000 روپے کے لگ بھگ ہے۔ ان میں شیرو ہوسیکی کی اسٹرابیری کو سفید جوہر (وائٹ جیویل) کہا جاتا ہے۔
چار سال قبل جاپانی مارکیٹوں میں سفید اسٹرابیریاں متعارف ہوئی تھیں اور ایک اور کسان یاسوہیٹو ٹیشیما نے جاپانی علاقے ساگا میں ان کی افزائش شروع کی تھی۔ یاسوہیٹو کے مطابق اس نے کئی برس قبل مختلف اسٹرابیریوں کو ساتھ ملاکر ان کی مخلوط افزائش شروع کی جس میں اب کامیابی ملی ہے۔ اس کراس بریڈنگ سے بننے والی سفید اسٹرابیریاں عام سرخ اسٹرابیری سے بڑی ہوتی ہیں۔
اس کا ایک راز یہ ہے کہ اسٹرابیریوں کو دھوپ سے بچایا جاتا ہے جس سے ان کو سرخ رنگ دینے والے کیمیکل اینتھوسائنِن کی مقدار کم ہوجاتی ہے۔ لیکن اس میں مہارت حاصل کرنے میں بھی کئی برس لگ گئے۔ اب بھی صرف 10 فیصد اسٹرابیریاں سفید نکلتی ہیں جبکہ بقیہ پیلی اور زرد رنگ کی ہوتی ہیں۔ لیکن پوری طرح افزائش کے بعد دھوپ میں رکھنے پر ان کی رنگت سرخ نہیں ہوتی۔
یہ نایاب پھل ہاتھوں ہاتھ فروخت ہوتے ہیں اور ایک اسٹرابیری کی قیمت 10 ڈالر اور چھوٹے پیکٹ کی قیمت 40 ڈالر یا 4000 روپے ہوتی ہے۔